مارگلہ ہلز میں آگ لگاکر ٹک ٹاک بنانیوالی ڈولی کی عبوری ضمانت منظور
اسلام آباد: مارگلہ ہلز میں آگ لگاکے ماڈلنگ کے جوہر دکھانے والی ٹک ٹاکر نوشین سعید عرف ڈولی کی عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں مارگلہ کے جنگلات میں آگ لگا کر ٹک ٹاک بنانے کے کیس پر سماعت ہوئی جس میں ٹک ٹاکر نوشین سعید عرف ڈولی کی عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔
ملزمہ کے وکیل نے کہا کہ میری موکلہ کے خلاف جو مقدمہ درج کیا گیا وہ علاقہ اسلام آباد کا نہیں ہے اور جس جگہ ٹک ٹاک بنائی گئی وہاں پر پہلے سے آگ لگی ہوئی تھی۔
عدالت نے ملزمہ کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو بھی آئندہ سماعت پر ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔