رواں برس 20 لاکھ عازمین حج کی میزبانی کریں گے، سعودی عرب

ریاض: حج سے متعلق سعودی عرب کا کہنا ہے کہ 160 ممالک سے آنے والے 20 لاکھ سے زائد عازمین حج کی سرزمینِ مقدس پر میزبانی کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
العربیہ نیوز کے مطابق سعودی وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حجاز مقدس میں اللہ کے مہمانوں کے شایان شان استقبال کی تیاری سے متعلق ایک دستاویزی فلم کا اجرا کیا۔ یہ دستاویزی فلم حج کے مناسک ادا کرنے کی تیاری کے موقع پر پیش کی جارہی ہے۔
تقریب سے خطاب میں حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ اللہ مہمانوں کی شاندار میزبانی کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ چند دنوں کے بعد دنیا کے تمام ممالک سے آنے والے لاکھوں مسلمان اس عظیم تلبیہ کا ورد کریں گے۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مزید کہا کہ دنیا بھر سے 20 لاکھ سے زائد مسلمان حج کی سعادت حاصل کرنے پہنچیں گے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات اور نگرانی میں حاجیوں کی ہر ممکن خدمت کریں گے۔
وزیر حج و عمرہ نے بتایا کہ سعودی عرب میں مقدس مقامات میں نقل و حمل کے لیے ایک مربوط انفرا اسٹرکچر ترتیب دیا ہے جو 9 اسٹیشنوں اور 17 ٹرینوں پر مشتمل ہے جس میں فی گھنٹہ 72 ہزار مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش ہے۔
اس کے علاوہ حجاج کرام کو مقدس مقامات تک لانے اور لے جانے کے لیے 24 ہزار بسیں بھی موجود ہیں۔ منیٰ میں 21 لاکھ 92 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط دنیا کا سب سے بڑا خیمہ شہر بسایا جارہا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔