انہی کھلاڑیوں نے ٹیم کو نمبر ون بنایا اور یہی میچز جتوائیں گے، بابراعظم

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ خود سے زیادہ مجھے میری ٹیم پر اعتماد ہے۔
ورلڈکپ کے لیے بھارت روانگی سے قبل منگل کو پریس کانفرنس میں بابر اعظم نے کہا کہ انہی کھلاڑیوں نے پاکستان کو نمبر ون بنایا ہے، مجھے پتا ہے کہ کون میرے لیے اور ٹیم کے لیے فائٹ کرتا ہے۔
ورلڈکپ سے متعلق بابر اعظم نے کہا بھارت میں پہلی مرتبہ کھیلنے کا دباؤ نہیں ہے، کنڈیشنز کے بارے میں علم ہے، سابق کرکٹرز سے معلومات لینے کی کوشش کی ہے، ورلڈکپ کے لیے بھرپور تیاری ہے، کوشش کریں گے کہ بطور ٹیم اچھا کھیل پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے اعزاز ہے کہ اس مرتبہ کپتان کی حیثیت سے کھیل رہا ہوں، کوشش ہے کہ ہم جیت کر آئیں، ان ہی لڑکوں کی وجہ سے ہم نمبر ون بنے ہیں، میں ٹیم میں زیادہ تبدیلیوں کا قائل نہیں ہوں، ایشیا کپ کے دو میچز میں ہم اچھا نہیں کھیلے، فیلڈنگ میں کمی تھی، بہتر کرنے کی ضرورت ہے، ہر میچ میں ایک جیسی غلطی نہیں ہوتی، ایک غلطی کو کور کرتے ہیں تو دوسری آجاتی ہے۔
بابر نے نسیم شاہ کی انجری سے متعلق کہا کہ ورلڈکپ میں اس کی کمی محسوس ہوگی، اسے ہم کافی یاد کریں گے، وہ شاہین کے ساتھ جیسی بولنگ کرتا تھا وہ ہمیں مختلف وائب دیتا تھا، نسیم کے بعد جو بہترین چوائس تھی اسے ٹیم میں لائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق، کوچ مکی آرتھر کی مشاورت سے حسن علی کو منتخب کیا کیونکہ اس کے پاس تجربہ بھی ہے، ابھی نہیں بتاسکتا کہ شاہین کے ساتھ کون نیا گیند کرے گا، قومی ٹیم کو یہی پیغام دیا ہے کہ پہلے بھی کرتے آئے ہیں اور اب بھی کرنا ہے، ہمارا ایک میچ پر فوکس نہیں سب پر ہے، 2019 سے ہم آٹھ سے نو کھلاڑی ایک ساتھ کھیل رہے ہیں۔
کپتان نے مزید کہا کہ ہمارے اسپنرز بہت اچھے ہیں، مانتا ہوں پرفارم نہیں کیا لیکن ایسا نہیں کہ وہ اچھے نہیں، پاکستان ٹیم میں کھیلنا آسان نہیں، وہ اچھے ہیں تبھی ٹیم میں ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ ویزے آچکے اور ہم جارہے ہیں، سینٹرل کنٹریکٹ پر بات ہورہی ہے اور جلد ہوجائیں گے، پی سی بی نے ہمیشہ کھلاڑیوں کا اچھا سوچا ہے، اس بار بھی اچھا ہی ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔