خاتون نے 140 زبانوں میں گانا گاکر ورلڈ ریکارڈ بناڈالا
دبئی: بھارت سے تعلق رکھنے والی خاتون نے دبئی میں 140 زبانوں میں گانا گاکر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والی سُشیتا ستیش نے دبئی میں کنسرٹ فار کلائمیٹ میں پرفارم کرتے ہوئے اپنی گلوکاری کی زبردست صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اپنے انسٹاگرام فالووَرز سے اس حوالے سے نیوز شیئر کرتے ہوئے سُشیتا نے لکھا کہ مجھے آپ سب کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ قدرت کے فضل سے میں نے دبئی میں کنسرٹ فار کلائمیٹ کے دوران 9 گھنٹوں میں 140 زبانوں میں گا کر نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ یہ سب آپ لوگوں کی بدولت ہے، آپ کی نیک خواہشات اور حوصلہ افزائی کے لیے بہت بہت شکریہ۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے ویب سائٹ پیج کے مطابق، مِس سُتیش نے دبئی میں انڈین قونصلیٹ آڈیٹوریم میں موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے 140 زبانوں میں پرفارم کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا۔
نمبر 140 کا انتخاب ان 140 ممالک کی نمائندگی کو ظاہر کرنے کے لیے کیا گیا تھا جنہوں نے دبئی میں کانفرنس آف دی پارٹیز 28 (COP 28) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی تھی۔