کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کی تیسری برسی
کراچی: کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کی آج تیسری برسی منائی جارہی ہے، ان کے انتقال کو تین برس بیت گئے۔
کئی دہائیوں تک لوگوں کو ہنسانے والے عمر شریف 19 اپریل 1955 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پیدا ہوئے۔
عمر شریف نے 1980 میں پہلی بار آڈیو کیسٹ کے ذریعے ڈرامے ریلیز کیے، جنہوں نے پاکستان کے ساتھ بھارت میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔
اُن کے مقبول ڈراموں میں 1989 میں ریلیز ہونے والا مشہور مزاحیہ ڈرامہ بکرا قسطوں پر 1، 2، 3، 4، 5، بڈھا گھر پر ہے، میری بھی تو عید کرادے، ماموں مذاق مت کرو اور دیگر شامل ہیں۔
عمر شریف نے 70 سے زائد ڈراموں کے اسکرپٹ لکھے، جن کے ہدایت کار اور اداکار وہ خود تھے اور ان ڈراموں نے مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے۔
بھارت کے مشہور مزاحیہ اداکار جونی لیور اور راجو شری واستو نے عمر شریف کی مزاحیہ اداکاری سے متاثر ہوکر انہیں دی گارڈ آف ایشین کامیڈی کا لقب دیا تھا۔
2017 میں عمر شریف کے انتقال سے متعلق جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھیں، جس کے بعد ان کے صاحبزادے جواد عمر نے خبر کی تردید کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمر شریف حیات اور تندرست ہیں، بعدازاں ستمبر 2021 میں عمر شریف ایک مرتبہ پھر موت سے متعلق جھوٹی خبروں کا شکار ہوئے۔
جرمنی میں 2 اکتوبر 2021 کو عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث 66 برس کی عمر میں دوران علاج انتقال کرگئے تھے۔