لعل شہباز قلندر کے مزار سے کروڑ روپے کے سونے کی چوری

کراچی: سندھ کی عظیم بزرگ ہستی حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار سے ایک کروڑ روپے سے زائد کے سونے کی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق درگاہ لعل شہباز قلندر سے ایک ماہ میں ایک کروڑ 23 لاکھ 72 ہزار 863 روپے کا نذرانے میں دیا گیا سونا چوری ہوا، جس کے بعد نگراں وزیر اوقاف عمر سومرو نے درگاہ کے منیجر کو معطل کرکے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔
ترجمان وزیر اوقاف و قانون نے بتایا کہ انکوائری کمیٹی کے سامنے درگاہ کے منیجر زبیر بلوچ نے اپنی چوری کا جرم قبول کیا ہے۔
نگراں وزیر اوقاف نے کہا کہ منیجر زبیر بلوچ کو معطل کرکے مقدمہ درج کرنے کے ساتھ کیس اینٹی کرپشن کو بھیجنے کا حکم دیا ہے، منیجر کی تنخواہ اور پنشن بھی روکنے کے احکامات دے دیے ہیں جب کہ اینٹی کرپشن کو لکھ دیا ہے کہ زبیربلوچ سے گولڈ کی فوری ریکوری کی جائے۔
نگراں وزیر عمر سومرو کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ تمام مزارات کے منیجرز کے خلاف بھی تحقیقات ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق سیکریٹری منور مہیسر نے زبیر بلوچ کو حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر منیجر تعینات کیا تھا اور زبیر بلوچ ریٹائرڈ ہونے کے قریب ہے جب کہ کئی سال سے نذرانہ باکس کی چابی اس کے پاس ہوتی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔