ملک میں ایک کروڑ کورونا ویکسین لگانے کا ہدف مکمل
اسلام آباد: کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے دُنیا بھر میں کوششیں جاری ہیں، پاکستان میں بھی اس ضمن میں سخت اقدامات کیے گئے ہیں، کورونا ویکسی نیشن کا عمل بھی ملک کے طول و عرض میں جاری ہے۔
اس حوالے سے تازہ اطلاع کے مطابق وطن عزیز میں ایک کروڑ کورونا ویکسین لگانے کا ہدف مکمل کرلیا گیا ہے۔
این سی او سی میں اس حوالے سے ایک تقریب ہوئی، جس میں وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے بتایا کہ ہم ایک کروڑ ویکسین لگانے میں کامیاب ہوگئے ہیں، قریباً 70 لاکھ سے زائد افراد کو یہ ویکسین لگائی گئی جب کہ ہمارا ہدف اس سال 7 کروڑ افراد کو ویکسین لگانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی بہت محنت کی ضرورت ہے، لوگ روزانہ کی بنیاد پر رجسٹریشن کرارہے اور قریباً ساڑھے 3 لاکھ رجسٹریشن روزانہ آرہی ہیں، روزانہ قریباً ساڑھے 3 لاکھ افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی جارہی ہے اور دوسری ڈوز والے الگ ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے ویکسین لگوانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جتنی تیزی سے ویکسی نیشن ہوگی اتنی ہی تیزی سے بندشیں کم کرسکتے ہیں، ابھی بھی کچھ ایسے سیکٹرز ہیں جہاں روزگار متاثر ہورہا ہے ہمیں اس کو بھی ختم کرنا ہے اور لوگوں کی صحت کو بھی بچانا ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا کی تیسری لہر میں جو اقدامات کیے گئے تھے ان کا اثر نظر آیا، عید کے بعد کیسز میں متواتر کمی دیکھنے میں آرہی ہے لیکن اس کے باوجود آج بھی 3 ہزار سے زائد افراد آکسیجن پر ہیں، اس لیے خطرہ ٹلا نہیں ہے، جتنی تیزی سے ویکسین لگتی جائے گی، اتنی ہی خطرے سے حفاظت ملتی جائے گی۔