کراچی میں وزیراعظم نے K4 منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا
کراچی: کراچی کے لیے پانی کی فراہمی سے متعلق کے 4 منصوبے کا وزیراعظم شہباز شریف نے سنگ بنیاد رکھ دیا۔
ایک روزہ دورے پر وزیراعظم شہباز شریف کراچی پہنچے جہاں انہوں نے کے 4 منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کے فور کا افتتاح ہے، کس طرح اس کو سردخانے کی نذر کیا گیا، بجائے اس کو اُس وقت کے وزیراعظم مکمل کرتے وہ چور ڈاکو کا راگ الاپتے رہے، سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر کے ساتھ پانی پر سیاست کرنا ظلم عظیم اور مجرمانہ عمل ہے، شہر قائد کی کمائی سے پورا ملک مستفید ہو اور اس شہر کے باسیوں کو پینے کا پانی بھی نہ ملے یہ ناانصافی ہے۔
K-IV منصوبے سے کراچی کو پہلے مرحلے میں روزانہ 260 ملین گیلن پانی کی سپلائی میسر ہوگی۔ شہر قائد میں اس وقت 1200 ملین گیلن یومیہ پانی کی طلب ہے۔
کراچی کے لیے واٹر بورڈ کو حب ڈیم اور کینجھر جھیل (دریائے سندھ) سے تقریباً 600 ملین گیلن پانی یومیہ فراہم ہوتا ہے۔ K-IV مجموعی طور پر کراچی کو 650 ایم جی ڈی پانی کی رسد تین مرحلوں میں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔