پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر بڑی کمی متوقع

اسلام آباد: یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر بڑی کمی متوقع ہے۔
بیرون ملک کے میڈیا کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں فی بیرل 5 ڈالر کمی ہوئی ہے، جس کے باعث یکم نومبر سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے۔
معاصر اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق آئندہ ماہ پٹرول کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے جب کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 10 سے 16 روپے کی فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کا تیل بھی یکم نومبر سے سستا ہوگا اور اس حوالے سے اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی حتمی سمری 31 اکتوبر کو پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی جائے گی۔
سمری وزارت پٹرولیم اور وزارت خزانہ ردوبدل کرکے وزیراعظم کو بھیجیں گے جس کے بعد نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ حتمی قیمتوں کا فیصلہ کریں گے۔
خیال رہے کہ 16 اکتوبر کو پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 40 روپے کی تاریخی کمی کی گئی تھی جب کہ ڈیزل بھی 15 روپے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔