بجلی کی پیداوار اور ٹرانسمیشن کا نظام بحال کردیا گیا
اسلام آباد/ کراچی/ لاہور: آخرکار گزشتہ روز ہونے والے بریک ڈاؤن کے بعد ملک میں بجلی کی جنریشن اور ٹرانسمیشن کا نظام بحال کردیا گیا۔
پاور ڈویژن کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کراچی کو نیشنل گرڈ سے دی جانے والی بجلی بھی مکمل بحال کردی گئی اور ملک میں بجلی کی جنریشن اور ٹرانسمیشن کا نظام بحال کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ بجلی کا بڑابریک ڈاؤن تھا، جس پر 24 گھنٹے بعد بھی مکمل قابو نہیں پایا جاسکا، خرابی کا پتا لگانےمیں ابھی تک کامیابی نہیں مل سکی۔
ذرائع کے مطابق 10 سال کے دوران یہ 16 واں بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے، جس کے باعث گرڈ اسٹیشنز پر فریکوئنسی ایشو برقرار ہے۔
دوسری جانب پاور ڈویژن کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ ملک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی آئی، جس سے پاور پلانٹس مرحلہ وار ٹرپ ہورہے ہیں، بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ آرہی ہے، خرابی دُور کرکے بجلی جلد بحال کردی جائے گی۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ جنوبی پاور سسٹم میں خرابی کی وجہ تلاش کی جارہی ہے، بجلی کا نظام جلد ہی بحال کردیا جائے گا۔
علاوہ ازیں واپڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ گڈو تھرمل پاور میں فنی خرابی کے باعث تمام 6 یونٹ ٹرپ کرگئےہیں اور 832 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی ہے، جیکب آباد، شکارپور، سبی، دادو، راجن پور، رحیم یار خان اور گھوٹکی کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں فالٹ سے لیسکوسسٹم پرعارضی لوڈ پڑا تھا، این ٹی ڈی سی سسٹم میں فالٹ سے 2 گرڈاور 20 فیڈرزبندہوگئے تھے جنہیں لوڈ مینجمنٹ کے ذریعے بحال کردیا گیا ہے۔