صدر پی ایچ ایف نے کپتان عماد بٹ پر پابندی لگاکر استعفیٰ دے دیا
لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر طارق بگٹی نے ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر پابندی عائد کرکے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
طارق بگٹی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوا دیا ہے اور کپتان عماد بٹ پر 2 سال کی پابندی لگادی ہے، وہ اس عرصے میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کہیں نہیں کھیلیں گے۔
آسٹریلیا میں پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ بدانتظامی کے واقعے پر طارق بگٹی نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے درخواست کرتا ہوں کہ کمیٹی بنائی جائے جو تحقیقات کرے اور تحقیقات میں پرولیگ بے نظمی کا جو ذمے دار ہو، اسے سزا دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس بی کی وجہ سے دورۂ آسٹریلیا میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور ہاکی فیڈریشن کے پاس اتنے فنڈز نہیں تھے کہ وہ اس وقت وہاں سب مینج کرتے، آسٹریلیا میں ہوٹل بکنگ کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ نے رقم وقت پر ادا نہیں کی، پی ایس بی میں خود گیا کہ ہمارے پیسے بھیج دو مگر وہ کہتے ہیں کہ دو ماہ لگیں گے۔
طارق بگٹی نے مزید کہا کہ پورا شیڈول رانا مجاہد نے اسپورٹس بورڈ کے سامنے رکھا ہے اور ہم جس کوالیفائی راؤنڈ کے لیے جارہے ہیں، ٹیم اچھا پرفارم کرے گی، ہماری ورلڈ رینکنگ 18 ویں تھی اب 13 ویں پوزیشن ہے جو ہماری اچیومنٹ ہے، میں فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے ہمیں بہت سپورٹ کیا جب کہ وزیراعظم کا شکر گزار ہوں، انہوں نے 2 سال مجھے موقع دیا، وزیراعظم نے ہاکی کے لیے 25 کروڑ رکھے اور ریلیز کیے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہےکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے انکوائری مکمل کرلی ہے اور 3 رکنی کمیٹی نے انکوائری رپورٹ تیار کی ہے جسے وزیراعظم آفس بھیج دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کئی مالی معاملات کا ذکر کیا گیا ہے اور اس انکوائری رپورٹ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کو قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔