انگلینڈ کے خلاف اولین ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان کردیا گیا
لاہور: پی سی بی نے انگلینڈ کے خلاف ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
ٹیسٹ ٹیم کے اعلان کے بعد ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی تجویز پر منتخب کھلاڑیوں کو چیمپئنز ون ڈے کپ کے پلے آف سے دستبردار کردیا گیا ہے تاکہ انہیں سیریز سے قبل کچھ آرام مل سکے۔
اسکواڈ پیر 30 ستمبر کو ملتان میں جمع ہوگا، جہاں تربیتی کیمپ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جب کہ سعود شکیل نائب کپتان ہوں گے۔
قومی ٹیم میں عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، میر حمزہ، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں۔
15 ٹیسٹ میچوں میں 47 وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی نے فاسٹ بولر خرم شہزاد کی جگہ لی ہے جو انجرڈ ہیں۔