کتے سے اتفاقیہ گولی چلنے سے مالک چل بسا
کینساس: پالتو کتے سے اتفاقیہ گولی چلنے سے مالک موقع پر ہی جان کی بازی ہارگیا، یہ واقعہ امریکا میں پیش آیا، جہاں کتے کا پاؤں رائفل پر پڑا اور فائر ہونے سے مالک ہلاک ہوگیا۔
کینساس پولیس کے مطابق 30 سالہ جوزف آسٹن اسمتھ اپنے کتے کے ساتھ شکار پر جارہے تھے کہ کتا پہلے سے ہی ٹرک نما کار کی پچھلی نشست پر بیٹھا تھا اور اس کے پاس کارتوس بھری رائفل رکھی تھی۔ جیسے ہی مالک نے دروازہ کھولا غلطی سے کتے کا پاؤں رائفل پر پڑگیا اور اس سے گولی چل گئی۔ رائفل کی نال کا رخ عین جوزف کی سیدھ میں تھا۔
اس طرح گولی جوزف کے کمر کے اوپری حصے پر لگی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ ہفتے کی صبح جب طبی عملہ اس کے پاس پہنچا تو وہ زندہ تھا لیکن ابتدائی طبی امداد اور سانس بحال کرنے کی سی پی آر کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکا۔
یہ واقعہ رائفل پر کتے کے پیر رکھنے سے پیش آیا جو پچھلی سیٹ پر بیٹھا تھا اور ساتھ ہی دیگر سامان بھی رکھا تھا۔ پولیس نے اپنے بیان میں بھی عین اسی واقعے کو موت کی وجہ قرار دیا ہے۔
امریکا میں ایسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق سال 2004 سے 2015 تک کم ازکم دس ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں پالتو یا شکاری کتوں سے اچانک گن چل گئی اور مالک زخمی ہوا یا ہلاک۔ ایسے نصف واقعات شکار کے دوران اور 40 فیصد گاڑیوں میں سفر کے دوران پیش آئے ہیں۔