جویریہ عباسی کے دوسرے شوہر کا نام اور تفصیلات منظرعام پر آگئیں

کراچی: اداکارہ جویریہ عباسی پچھلے کچھ مہینوں سے اپنی دوسری شادی سے متعلق مداحوں کو اطلاعات دیتی چلی آرہی تھیں، لیکن اُن کے شوہر اب تک منظرعام پر نہیں آئے تھے، اب جویریہ عباسی کے دوسرے شوہر کا نام اور دیگر تفصیلات سامنے آگئیں۔

جویریہ عباسی نے رواں سال مئی میں سوشل میڈیا پر اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا، اس اعلان کے کچھ دن بعد ہی اداکارہ نے ایک ٹی وی شو کے دوران اپنی دوسری شادی کی تصدیق بھی کردی تھی۔

اداکارہ نے دوسری شادی کی تصدیق کے باوجود بھی تاحال اپنے دوسرے شوہر کو سوشل میڈیا کی دُنیا سے چُھپا کر رکھا ہوا تھا، لیکن اب جویریہ عباسی کی حالیہ انسٹاگرام اسٹوری سے اُن کے شوہر کا نام اور دیگر تفصیلات منظرِعام پر آگئی ہیں۔

جویریہ عباسی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں دوسرے شوہر کے ساتھ سیلفی شیئر کی، جس میں اُنہوں نے شوہر کا چہرہ ایموجی سے چُھپایا ہوا تھا۔

جویریہ نے شوہر کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے اُن کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو بھی ٹیگ کیا، جس کے مطابق جویریہ عباسی کے شوہر کا نام عدیل حیدر ہے اور وہ ایک کاروباری شخصیت ہیں۔

عدیل حیدر کا انسٹاگرام اکاؤنٹ پرائیویٹ ہے، جس پر فالوورز کی تعداد 917 ہے جب کہ انسٹاگرام کی بائیو میں اُنہوں نے خود کو بطور فوٹوگرافر متعارف کروایا ہوا ہے۔

جویریہ عباسی اور اُن کے سابق شوہر کی بیٹی عنزیلہ عباسی نے بھی عدیل حیدر کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو فالو کیا ہوا ہے۔

دھیان رہے کہ جویریہ عباسی کی پہلی شادی 1997 میں اداکار شمعون عباسی سے ہوئی تھی، شادی کے ایک سال بعد اُن کے ہاں بیٹی عنزیلہ عباسی کی پیدائش ہوئی تھی۔

جویریہ عباسی اور شمعون عباسی کے درمیان سال 2009 میں طلاق ہوگئی تھی، والدین کی طلاق کے بعد سے عنزیلہ عباسی اپنی والدہ کے پاس ہی رہیں اور سال 2023 میں جویریہ عباسی نے اپنی بیٹی کی شادی کردی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔