آواز کے بغیروڈیو بنانے والا دنیا کا مقبول ترین ٹک ٹاکر
پیرس: کورونا وائرس کی وجہ سے نوکری کھودینے والے خبانہ ’خیبی لیمے‘ نے جب ٹک ٹاک پر ویڈیو بنانا شروع کی تو انہیں یقین نہیں تھا کہ وہ پوری دنیا میں مشہور ہوجائیں گے۔ اب ٹک ٹاک پر ان کے گیارہ کروڑ سے زائد فین ہیں اور ان کی ویڈیوز پونے دو ارب مرتبہ دیکھی گئی ہیں۔
اس طرح خبانہ لیمے دوسرے مقبول ترین ٹک ٹاکر ہیں جو اپنے والدین اور بچوں کے ساتھ اٹلی کے علاقے شیوازو میں رہتے ہیں۔ پہلے انہوں نے مزاحیہ ویڈیوز بنانا شروع کیں، اس کےبعد باقاعدہ سوچ بچار کے بعد زندگی کے روزمرہ مسائل کے حل پر ویڈیو بنائیں جو بہت تیزی مقبول ہورہی ہیں لیکن اپنی ویڈیو میں وہ ایک لفظ بھی نہیں بولتے اور پھر بھی اپنا پیغام پہنچادیتے ہیں۔
21 سالہ خبانہ کا یہ انداز پوری دنیا میں پسند کیا گیا ہے۔ لیمے کے مطابق خاموش رہنے سے ان کا پیغام دنیا بھر کے لوگ آسانی سے سمجھ سکتے ہیں۔ اسی لیے وہ خاموش رہ کر اپنی ویڈیو بناتے ہیں۔
خبانہ طویل قد کے مالک ہیں اور ان کے بھرے ہوئے ہونٹ چہرے پر تاثرات لانے میں مدد دیتے ہیں۔ وہ روزمرہ کام مختلف لیکن آسان انداز میں انجام دیتے ہیں جنہیں دیکھ کر ہنسی بھی آتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ٹک ٹاک میں اپنا ایک الگ مقام بنالیا ہے۔
ناظرین کے مطابق خبانہ کا انداز عالمگیر ہے اور حقیقت سے قریب تر ہونے کی وجہ سے پوری دنیا انہیں سمجھتی ہے۔ وہ لوگوں کو یہی پیغام دیتے ہیں کہ زندگی کو زیادہ پیچیدہ نہ بنایا جائے۔ دوسرا اہم پہلو یہ ہے کہ وہ زبردستی ویڈیو نہیں بناتے بلکہ جب جب ضرورت ہوتی ہے وہ اپنی ویڈیوز تیار کرتے ہیں۔
خبانہ کو لاک ڈاؤن کے دوران غیرمعمولی شہرت ملی اور اب وہ محبوب اور کامیاب ترین ٹک ٹاکرز میں شامل ہیں۔ اب یہ حال ہے کہ روزانہ اوسطاً ان کے فالوورز میں دو لاکھ کا اضافہ ہورہا ہے اور وہ تیزی سے ٹک ٹاک سپراسٹارز سے آگے نکلتے جارہے ہیں۔
خبانہ سینیگال میں پیدا ہوئے تھے اور اب وہ اٹلی میں رہائش پذیر ہیں۔ انہیں اب کئی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش بھی ہوئی ہے