وزارت خوراک نے چینی کی فی کلو قیمت 98 روپے 82 پیسے مقرر کردی

اسلام آباد: چینی کی ملک بھر میں قیمت مقرر کردی گئی، شوگر ایڈوائزری بورڈ کی سفارش پر وزارت خوراک و زراعت نے ملک بھر میں چینی کی پرچون فی کلو قیمت 98 روپے 82 پیسے مقررکردی۔
وزارت خوراک و زراعت نے چینی کی فی کلو قیمت 98 روپے 82 پیسے مقرر کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
شوگر ایڈوائزری بورڈکی سفارش پر ملک بھر میں چینی کی پرچون قیمت 98 روپے 82 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چینی کی قیمت میں14 روپے 58 پیسے سیلز ٹیکس شامل ہوگا، چینی کی فی کلوقیمت میں 5 روپے 30 پیسے شوگر ملز کا منافع اور اخراجات، 25 پیسے ڈسٹری بیوٹرز مارجن، ٹرانسپورٹ لاگت 2 روپے فی کلو اور پرچون فروش کا 1روپےکلو منافع بھی مجموعی لاگت میں شامل ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ چینی کی قیمت مقرر نہ ہونے کے باعث مارکیٹ میں چینی 30 فیصد مہنگی ہوئی۔
ذرائع وزارت خوراک و زراعت کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخوں پر چینی فروخت کرانے کی پابند ہوگی۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑے اسٹورز پر بھی چینی 125 روپے کلو فروخت ہورہی ہے جب کہ اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت 130 روپے فی کلو گرام ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔