مینز اور ویمنز قومی کرکٹ ٹیمیں اگلے سال انگلینڈ کا دورہ کریں گی

لاہور: انگلینڈ اور پاکستان اگلے سال مئی میں انگلینڈ میں مدمقابل ہوں گے، جہاں دونوں کرکٹ ٹیموں کے درمیان چار ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
اس دوران پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے علاوہ ہالینڈ اور آئرلینڈ میں بھی ٹی 20 میچز کھیلے گی، پاکستانی کرکٹ ٹیم کا یہ دورہ آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈکپ کی تیاری کا حصہ ہوگا جو آئندہ سال ویسٹ انڈیز اور امریکا میں منعقد ہوگا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹی20 میچوں کی یہ سیریز 22 سے 30 مئی تک کھیلی جائے گی، جس کے بعد دونوں ٹیمیں ورلڈکپ کے لیے روانہ ہوجائیں گی۔
پہلا میچ 22 مئی کو ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ ایجبسٹن برمنگھم میں 25 مئی، تیسرا میچ کارڈف میں 28 مئی جب کہ لندن کا اوول گراؤنڈ 30 مئی کو چوتھے میچ کی میزبانی کرے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال میلبورن میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ ایک اوور باقی رہتا تھا۔
اس عالمی ایونٹ سے قبل پاکستان نے انگلینڈ کی سات ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں میزبانی کی تھی، جس میں انگلش ٹیم نے 3-4 سے فتح اپنے نام کی تھی۔
انگلینڈ اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان پانچ پوائنٹس پیچھے چوتھے نمبر پر ہے۔
پاکستان کی مینز ٹیم کے ساتھ خواتین کرکٹ ٹیم بھی آئندہ سال مئی میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔ اس دورے میں وہ تین ٹی20 انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔
پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم دورے کا آغاز 11 مئی کو ایجبسٹن برمنگھم میں پہلے ٹی20 انٹرنیشنل سے کرے گی۔ اگلے دو ٹی20 انٹرنیشنل 17 مئی کونارتھمپٹن اور 19 مئی کو ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلے جائیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔