ٹی20 ورلڈکپ میں افغانستان کی ٹیم کا سفر تمام
برسبین: ٹی20 ورلڈکپ میں افغانستان ٹیم کا سفر تمام ہوا، سپر 12 مرحلے کے 20 ویں میچ میں سری لنکا سے ہار کے بعد وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
برسبین میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔ افغان اوپنرز نے 42 رنز کا آغاز فراہم کیا، رحمان اللہ گرباز اور عثمان غنی بالترتیب 28 اور 27 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
سری لنکا نے ہدف 18.3 اوورز میں حاصل کرلیا، دھننجایا ڈی سلوا نے 42 گیندوں پر 66 رنز کی اننگز کھیل کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
افغان ٹیم کی ورلڈکپ مہم کے دوران نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف میچز بارش کی نذر ہوئے جب کہ انگلینڈ اور سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا ذائقہ چکھنا پڑا۔
دوسری جانب افغانستان کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا آخری میچ 4 نومبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔