مغربی معاشرے میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے واقعات تشویشناک ہیں، وزیر اطلاعات
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مغربی معاشرے میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے واقعات تشویش ناک ہیں۔
اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں چند ہفتے قبل ایک پاکستانی فیملی کو نسل پرستانہ حملے میں شہید کیا گیا، اب دوبارہ سسکاٹون شہر میں ایک اور شہری کاشف پر انتہا پسندوں نے خنجر سے حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی معاشرے میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے واقعات پر تشویش ہے۔ امید کرتے ہیں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ پچھلے کچھ عرصے کے دوران دُنیا کے مختلف ممالک میں اسلاموفوبیا کے حوالے سے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔