حکومت نے نگراں حکومت کے اختیارات کے معاملے پر اتحادیوں کو منالیا

اسلام آباد: حکومت نے نگراں حکومت کے اختیارات کے معاملے پر اتحادیوں کو راضی کرلیا ہے۔
نگراں حکومت اور نگراں وزیراعظم کے اختیارات کے معاملے پر انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ایاز صادق کی سربراہی میں ہوا، جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر تاج حیدر، بیرسٹر علی ظفر اور دیگر شریک ہوئے جب کہ وزیر قانون نے اتحادیوں اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو بریفنگ دی۔
نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس میں آرٹیکل 230 سے متعلق ترامیم پر بات چیت کی گئی اور نگران حکومت کے اضافی اختیارات کو لے کر اتحادیوں کو تحفظات کو دور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے الیکشن ایکٹ کی شق میں ترمیم سے نگران حکومت کو غیر معمولی اختیارات دینے پر اتحادیوں کو راضی کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ترمیم کے تحت نگران حکومت کے پاس جاری معاہدوں کے حوالے سے تمام اختیارات ہوں گے، نگران حکومت بین الاقوامی معاہدے کرسکے گی اور مالیاتی اداروں سے بھی معاہدے کرسکے گی تاہم نگران حکومت کے پاس نئے معاہدے کرنے کا اختیار نہیں ہوگا۔
نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق نگراں حکومت کے پاس دو فریقی اور سہ فریقی معاہدوں کا اختیار بھی ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اتحادیوں کو منانے کے بعد حکومت نے نگراں حکومت کے اختیارات سے متعلق شق 230 بل سے نہ نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔