حکومت کی جانب سے آج پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بابر اعوان نے کہا کہ مشترکہ اجلاس نومبر میں بلایا جائے گا جس میں حکومت کی جانب سے ای وی ایم اور کلبھوشن یادیو سے متعلق بلوں کو پیش کیا جائے گا۔
سابق وفاقی وزیر قانون بابر اعوان نے کہا کہ ای وی ایم پاکستان کا انتخابی مستقبل ہے اسے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ٹیکنالوجی استعمال کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف سے متعلق بل بھی مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پری پول رگنگ کو ختم کرنے کے لئے 20 بل لا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن کمیٹی کمیٹی کھیلنا چاہتی ہے، اس نے فیٹف سمیت کسی معاملے پر بھی سنجیدگی کا اظہار نہیں کیا۔
بابر اعوان نے واضح طور پرکہا کہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں اور اس کا بہترین فورم پارلیمنٹ ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔