یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلرز کے سرغنہ کی گرفتاری

گجرات: بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے یونان کشتی حادثے میں ملوث اہم سرغنہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
گرفتار انسانی اسمگلر وقاص کا تعلق وزیرآباد سے ہے۔ وقاص احمد نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ شہری کو یورپ بھجوانے کے لیے پیسے وصول کیے۔
ایجنٹ وقاص نے یونان بھجوانے کے لیے 23 لاکھ روپے وصول کیے۔ اس کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے لنک آفس یونان کی جانب سے تفصیلات شیئر کی گئی تھیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
علاوہ ازیں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے کراچی ایئرپورٹ سے آف لوڈ ہونے والے ملزم کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا۔
ملزم ساجد محمود نے یونان کشتی حادثے کے متاثرہ کو یورپ بھجوانے کے لیے پیسے بٹورے۔ ملزم کے خلاف اس سے پہلے کشتی حادثے کے حوالے سے ایک مقدمہ پہلے ہی درج تھا۔
ملزم گزشتہ کئی ماہ سے روپوش تھا اور اسے گزشتہ روز کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس نے گزشتہ روز کراچی ایئرپورٹ سے آذربائیجان فرار ہونے کی کوشش کی۔
ملزم کا نام امیگریشن بلیک لسٹ میں شامل تھا اور اس کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے ہے۔ اس نے یونان کشتی حادثے کے متاثرہ کو یورپ بھجوانے کے لیے 25 لاکھ روپے وصول کیے۔
اس کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست متاثرہ نوجوان کے بھائی کی جانب سے دی گئی۔
ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔