زلزلے سے ترک ڈرامے کورولش عثمان کے اداکار اہلیہ سمیت جاں بحق
انقرہ: ترکیہ اور شام میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کرگئی، جن میں کئی اداکار اور کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق عالمی شہرت یافتہ ڈرامہ سیریل کورولش عثمان کے اداکار جاگدس جانکایا اور ان کی اہلیہ زلزلے میں گھر کے تباہ ہونے کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔
جاگدس جانکایا نے ترک سیریز کورولش عثمان میں قونیا پیلس کے سپاہی کا کردار بخوبی نبھایا تھا اور وہ عوام میں کافی مقبول بھی تھے۔ ترک ڈرامہ اسلامی فتوحات پر مبنی ہے۔
ان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے انتقال کی تصدیق بھی کی گئی۔ ڈرامہ سیریل کے پروڈکشن ہاؤس نے بھی جاگدس جانکایا کی ناگہانی آفت میں رحلت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور مغفرت کی دعا کی۔
دھیان رہے کہ ترکیہ اور شام میں پچھلے ہفتے آنے والے زلزلے سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کرگئی جن میں سے ترکیہ میں 29 ہزار 605 اور شام میں 4 ہزار 500 اموات ہوئی ہیں۔