پب جی کی بحالی پر گیمرز وقار ذکا کے شکر گزار!
کراچی: پاکستان میں مقبول آن لائن پب جی گیم بحال ہوگیا، جس پر نوجوان سوشل میڈیا پر ٹی وی میزبان اور یوٹیوبر وقار زکا کا شکریہ ادا کررہے ہیں۔
خیال رہے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے یکم جولائی کو ’پب جی‘ گیم پر عارضی طور پر پابندی عائد کی تھی۔
اس پر پی ٹی اے نے وضاحت دی تھی کہ معاشرے کے مختلف طبقات کی جانب سے آن لائن گیم پلیئرز ان نون بیٹل گراؤنڈز (پب جی) کے خلاف متعدد شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے گیم پر عارضی طور پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے اس فیصلے کے خلاف سوشل میڈیا پر سب سے پہلے وقار زکا نے آواز اٹھائی اور اس پر سے پابندی ہٹانے کے لیے پٹیشن بھی دائر کی تھی۔
وقار زکا نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس فیصلے سے پاکستان میں ٹیکنالوجی کو فروغ ملنے کے بجائے نقصان پہنچ رہا ہے، یہ پاکستانی نوجوانوں کی ای اسپورٹس سے دُوری کا طریقہ ہے جب کہ دنیا کہاں سے کہاں جارہی ہے۔
بعدازاں سوشل میڈیا پر گیم پر لگائی جانے والی پابندی کے حوالے سے ایک نئی بحث چھڑ گئی اور UnBanpubgInPakistan# کا ٹرینڈ مقبول ہوگیا۔
تاہم جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے آن لائن گیم پب جی پر پابندی ختم کرتے ہوئے اسے فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
پب جی گیم کی بحالی کے بعد سے سوشل میڈیا ٹوئٹر پر #Thankyouwaqarzaka کا ٹرینڈ بن گیا۔