کچلاک میں دہشت گردوں کا اے ٹی ایف ٹیم پر حملہ، 4 اہلکار شہید

کوئٹہ: دہشت گردوں نے کچلاک میں چھاپے کے دوران گھر کے اندر گھس کر گھات لگاتے ہوئے اے ٹی ایف کی ٹیم پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس تھانہ کچلاک کے مطابق حملے میں ایک دہشت گرد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں انسداد دہشت گردی فورس کے جوان بھی حصہ لے رہے تھے۔ آپریشن مکمل کرکے علاقے میں سرچنگ اور سوئپنگ کا عمل جاری ہے۔
شہداء میں علی اکبر، فیض محمد، محمد جاوید اور چنگیز خان شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کچلاک میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں چار پولیس اہلکاروں کے شہید ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں نے جرأت و بہادری کی مثال قائم کی۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ دینے والے قوم کے ہیرو ہیں۔ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ قوم اور حکومت کا مشترکہ عزم ہے، سیکیورٹی فورسز عزم و استقلال کے ساتھ دہشت گردی کے عفریت کا مقابلہ کررہی ہیں۔
دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید 4 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں آئی جی پولیس، آئی جی ایف سی اور کور کمانڈر 12 کور و دیگر افسران نے شرکت کی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔