دانتوں کا ہار بناکر دینے کے باوجود نوجوان محبوبہ کو منا نہ سکا
قاہرہ: ماضی عشق کی لازوال داستانوں سے مزین ہے۔ اظہارِ محبت اور پاگل پن میں فرق ہوتا ہے لیکن کچھ ‘ناکام عاشقوں’ کے لیے دونوں ایک ہی جیسے معنی رکھتے ہیں۔
عشق و محبت کا ایک عجیب و غریب واقعہ مصر میں پیش آیا جہاں ایک لڑکے نے اپنی وفاداری ثابت کرنے کے لیے محبوبہ کو اپنے تمام دانتوں کا ہار بناکر پیش کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھی اس واقعے کی تصویر وائرل ہوئی جس میں لڑکے کو بغیر دانتوں والی مسکراہٹ کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ مصر میں پیش آیا جہاں کیک نامی نوجوان نے اپنی محبوبہ جس کا نام لیزا تھا کے سامنے اپنی محبت کا یقین دلانے کے لیے اپنے تمام دانت نکلواکر اس کا ہار بنوادیا۔
مصری نوجوان کو یہ عجیب و غریب کام کرنے کی نوبت اس لیے پیش آئی کیونکہ اس کی محبوبہ نے اس کو دھوکا دہی کرتے ہوئے پکڑ لیا تھا جب کہ نوجوان کو اپنی محبت کا یقین دلانے کے لیے کوئی اور کام نہ سوجھا تو اس نے اپنے تمام دانتوں کو نکلوایا اور ان کا ہار بناکر لیزا کو تحفہ کے طور پر پیش کردیا۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ جب لیزا کو کیک کی جانب سے اسے دھوکا دینے کا انکشاف ہوا تو اس نے کیک سے بول چال بند کردی اور اس کا فون تک اٹھانا چھوڑ دیا مگر کافی کوششوں کے بعد لیزا کیک سے ملنے کے لیے ریسٹورنٹ پہنچی جہاں نوجوان نے کوئی بات کیے بنا ہی دانتوں کا ہار اپنی محبوبہ کو پیش کردیا جس پر اس کی محبوبہ سکتے میں آگئی اور پوچھا کہ یہ کیا ہے تو اس نے جواب دیا کہ میں نے اپنے دانتوں کو نکلوا کر ہار بنوا دیا تاکہ تمہیں میری محبت کا یقین آسکے۔
اس کی یہ حرکت دیکھ کر لیزا کو شدید غصہ آیا اور وہ نوجوان کو یہ کہہ کر ریسٹورنٹ سے چلتی بنی کہ آئندہ وہ اس سے بات کرنے کی بھی کوشش نہ کرے۔