پٹرول پر ٹیکس و مارجنز نے عوام کی کمر توڑ دی، فی لیٹر پر 130 روپے وصولی
کراچی: پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بنیادی لاگت کے علاوہ مختلف ٹیکسز، لیوی اور مارجنز کی بھاری رقم شامل ہونے کے باعث شہریوں کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے۔ دستیاب اعدادوشمار کے مطابق ایک لیٹر پٹرول پر شہری مجموعی طور پر 130 روپے 75 پیسے ٹیکس، لیوی اور مختلف مارجنز کی مد میں ادا کرنے پر مجبور ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پٹرول کی اصل قیمت کے مقابلے میں مختلف حکومتی محصولات اور دیگر اخراجات شامل ہونے سے صارفین کے لیے فی لیٹر قیمت میں نمایاں اضافہ ہوجاتا ہے، جس کا براہ راست اثر عوام کی روزمرہ زندگی اور گھریلو بجٹ پر پڑرہا ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی بنیادی لاگت 245 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہے جب کہ صارفین کے لیے اس کی قیمت 368 روپے 29 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اس طرح ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 122 روپے 47 پیسے لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز کی مد میں شامل ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر اضافی مالی بوجھ کے باعث پہلے ہی مہنگائی سے متاثرہ عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز اور مارجنز میں کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔