ٹی20 ورلڈکپ: آئی سی سی کو 167 ملین ڈالرز کا نقصان
دبئی: پچھلے ہفتوں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں اختتام پذیر ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ میں آئی سی سی کو 167 ملین ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے ارکان رواں ماہ سری لنکا میں شیڈول مالی اور آپریشنل معاملات پر بورڈ میٹنگ میں سوالات کریں گے جب کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے میگا ایونٹ میں اضافی رقم اور میچز کروانے سے متعلق بھی اہم فیصلے ہوں گے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ناقص انتظامات اور امریکا میں کرکٹ کے فروغ کی کوششوں کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو 167 ملین ڈالر یعنی (46 ارب 50 کروڑ 26 لاکھ سے زائد پاکستانی روپوں) کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
آئی سی سی نے اس حوالے سے ایک آزاد کمیٹی قائم کی ہے جو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ کمپنی نے آئی سی سی سے منظور بجٹ کے علاوہ 2 کروڑ ڈالرز کی درخواست کی تھی، بورڈ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ رقم کیش ادائیگیوں کے لیے بطور لون طلب کی گئی تھی۔