سڈنی ٹیسٹ: بارش، دوسرے روز کا کھیل جلد ختم، آسٹریلیا کے 2 وکٹ پر 116 رنز
سڈنی: پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے 313 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے تاہم بارش کے باعث دوسرے روز کا کھیل وقت سے پہلے ختم کردیا گیا۔
آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے پہلی کامیابی آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کی وکٹ کی صورت حاصل کی جو 34 رنز بنا کر سلمان علی آغا کا شکار بنے جب کہ عثمان خواجہ کو عامر جمال نے 47 رنز پر آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا نے 2 وکٹ کے نقصان پر 116رنزبنائے تھے کہ کم روشنی کے باعث کھیل روک دیا گیا اور وقفے سے پہلے چائے کا وقفہ کردیا گیا، تاہم بعد ازاں چائے کے وقفے کے دوران ہی بارش شروع ہوگئی اور پھر مسلسل بارش کے باعث امپائرز نے دوسرے روز کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو مارنس لبوشین 23 اور اسٹیواسمتھ 6 رنز بناکر کریزپرموجود تھے جب کہ آسٹریلیا کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 197 درکار تھے۔