عدالت عالیہ کا شاہ محمود قریشی کو فوری رہا کرنے کا حکم
راولپنڈی: پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں کیس کی سماعت کے سلسلے میں شاہ محمود قریشی کی جانب سے وکیل تیمور ملک اور ان کی بیٹی گوہر بانو قریشی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ سرکار کی طرف سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عابد عزیز راجوری پیش ہوئے۔
عدالت نے شاہ محمود کی فوری رہائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی اور ایم پی او آرڈر کے تحت گرفتار نہ کیا جائے۔
عدالت نے ڈی سی راولپنڈی کے تھری ایم پی او آرڈر کالعدم قرار دے دیے اور شاہ محمود قریشی سے کسی قسم کا شورٹی بانڈ جمع کرانے کی ہدایت نہیں کی۔
خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے بعد تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور ان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر 23 مئی کو رہائی عمل میں آئی تھی، لیکن اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد انہیں ایک بار پھر پولیس نے گرفتار کرلیا۔