افغانستان میں درس گاہ کے باہر خودکُش دھماکا، 19 افراد جاں بحق

کابل: افغان دارالحکومت کابل کی یونیورسٹی کے باہر خودکُش دھماکے کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔
بیرون ملک کے ذرائع ابلاغ کے مطابق خودکُش دھماکا افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ہزارہ اکثریتی علاقے دشت برچی میں تعلیمی ادارے کے باہر ہوا، جہاں داخلہ ٹیسٹ جاری تھے۔
کابل پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے کی زد میں آکر اب تک 19 افراد جاں بحق ہوچکے جب کہ 27 زخمی ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ تاحال کسی بھی دہشت گرد گروپ نے خودکُش دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی، تاہم ماضی میں ہزارہ برادری پر ہونے والے اکثر حملوں کی ذمے داری داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیموں نے قبول کی تھی۔
واضح رہے کہ 2021 میں طالبان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد افغان عوام کی حفاظت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا تاہم گزشتہ کچھ مہینوں میں تواتر سے مساجد اور شہری علاقوں میں دھماکے ہوئے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔