صحت مند دل کے لیے ٹانگوں کا مضبوط ہونا ناگزیر
ٹوکیو: نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ مضبوط ٹانگوں والے افراد میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد حرکتِ قلب بند ہونے کا خدشہ خاصا کم ہوجاتا ہے۔
جاپان میں کیتاساٹو یونیورسٹی اسکول آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز میں بحالیِ صحت کے شعبہ کے کینسوک یوینو اور ڈاکٹر کینٹارو کامیا کا مطالعہ رواں ماہ کے شروع میں یورپی سوسائٹی آف کارڈیالوجی کی ایک سائنسی کانگریس ہارٹ فیلیئر 2023 کے دوران پیش کیا گیا۔
ڈاکٹر کینٹارو نے 57 سے 74 سال کی عمر کے 932 افراد کے quadriceps (رانوں کے اگلے حصے میں پٹھوں) کی طاقت کا مطالعہ کیا جو 2007 اور 2020 کے درمیان دل کے دورے کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہوئے تھے۔
تجزیے سے پتا چلا کہ جن کی ٹانگوں میں طاقت کم ہوتی ہے ان میں حرکت قلب بند ہونے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے، بہ نسبت ان کے جن کی ران کے پٹھے زیادہ قوی ہوتے ہیں۔
ٹانگوں کی مضبوطی بہت سے فوائد کی حامل ہے، خاص طور پر جب بڑھتی عمر کی بات آتی ہے، تو ناصرف دل کی صحت کے لیے بلکہ مجموعی صحت کے لحاظ سے بھی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ ٹانگوں کی ورزش دیگر احتیاطی تدابیر کے مقابلے میں وزن کی کمی کے لیے زیادہ موثر ہوتی ہے۔