اسٹرابیری دل کے دورے اور فالج سے بچانے میں معاون قرار

اوساکا، جاپان: حال ہی میں ماہرین نے کھوج لگائی ہے کہ اسٹرابیری جسم میں چکنائی کے ذخائر کو جمع ہونے سے روکتی ہے جو دل کے دورے اور فالج کا سبب بنتے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق وٹامن سی سے بھرپور اسٹرابیری شریانوں میں ہائی کولیسٹرول کی وجہ سے پیدا ہونے والی رکاوٹ کو روکتی ہے اور مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ اسٹرابیری کے یہ فوائد کھانے کے ایک گھنٹے کے اندر ہی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
جاپان میں سیٹسونان یونیورسٹی کے سائنس دان یہ دیکھنا چاہتے تھے اسٹرابیری کھانے کے بعد صحت پر اس کے اثرات کیسے ظاہر ہوتے ہیں۔ اس کے لیے انہوں نے 20 سال کی عمروں کے آس پاس 23 صحت مند رضاکاروں کو تحقیق میں شامل کیا، جن میں سے کچھ کو 500 گرام اسٹرابیری سے بنا مشروب دیا اور دیگر کو عام چینی سے بنا مشروب دیا گیا۔ آدھے گھنٹے بعد انہوں نے خون کے نمونے لیے۔ اس عمل کو ہر 30 منٹ میں چار گھنٹے تک دہرایا گیا۔
تحقیق کے نتائج جرنل آف نیوٹریشنل سائنس میں شائع ہوئے، جس میں پایا گیا کہ جن لوگوں کو اسٹرابیری کا مشروب پیش کیا گیا تھا، ان میں کم کثافت والے لیپو پروٹین (LDL) یعنی خراب کولیسٹرول کی مقدار بہت کم تھی، بہ نسبت ان افراد کے جنہوں نے عام چینی پر مشتمل مشروب استعمال کیا۔ یہ صحت بخش نتائج اسٹرابیری پینے کے محض ایک گھنٹے کے اندر ظاہر ہوئے۔
ایل ڈی ایل کولیسٹرول کی نقصان دہ شکل ہے جو خون کی نالیوں کو تنگ اور بلاک کرنے کا سبب بنتی ہے، جو بالآخر دل کا دورہ پڑنے یا فالج پر منتج ہوسکتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔