پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل سری لنکا کے کپتان ان فٹ
کولمبو: پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے ان دنوں سری لنکا کے دورے پر ہے، پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل سری لنکن ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق سری لنکا کے ٹیسٹ کپتان دیموتھ کرونارتنے کی ہیمسٹرنگ انجری کے باعث پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہے، وہ اگلے 48 گھنٹوں بعد کولمبو میں فٹنس ٹیسٹ کروائیں گے، بعدازاں انہیں 16 جولائی سے شروع ہونے والے میچ کے لیے اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
میچ سے قبل اگر لنکن ٹیم کے کپتان فٹنس ٹیسٹ میں کلیئر نہیں ہوتے تو پلیئنگ الیون کی قیادت کے فرائض نائب کپتان دھننجایا ڈی سلوا کریں گے۔
دوسری جانب لاہیرو کمارا کے بھی سائیڈ اسٹرین انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ سے باہر ہونے کا امکان ہے۔
سلیکٹرز نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی ہے، تاہم حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے کرونارتنے کی فٹنس رپورٹس کا انتظار کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 16 جولائی سے شروع ہوگا جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ کولمبو میں 24-28 جولائی تک کھیلا جائے گا۔