اسموگ: لاہور، ملتان میں ہفتے میں تین دن مکمل لاک ڈاؤن، اسکول مزید ایک ہفتے کیلئے بند

لاہور: اسموگ کی بگڑتی صورت حال پر پنجاب حکومت نے لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اسموگ کی بگڑتی صورت حال پر لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کرتی ہوں، لاہور اور ملتان میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار مکمل لاک ڈاؤن ہوگا، دونوں شہروں میں ہفتے سے اگلے اتوار تک تعمیرات پر پابندی لگارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ڈیسک اور اسپتالوں میں اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، محکموں کو ادویہ وافر کرنے کی ہدایت کی جب کہ شہری موٹر سائیکل پر ایمرجنسی کے سوا باہر نہ نکلیں اور ماسک کا استعمال کریں۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ بدھ تک ڈیٹا دیکھیں گے، اسموگ ہیلتھ کرائسس میں تبدیل ہوچکا ہے، پنجاب حکومت اسموگ کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدام کررہی ہے اور اسموگ کی روک تھام کے لیے 10 سال کی پالیسی دے دی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کے مختلف محکمے اسموگ کی روک تھام کیلئے دن رات کام کررہے ہیں، زگ زیگ ٹیکنالوجی پر نہ آنے والے بھٹے مسمار کیے جارہے ہیں تاہم اسموگ پر قابو پانا ایک لانگ ٹرم پروسیس ہے، اس پر قابو پانے کیلئے 3 ماہ کے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اسموگ کے باعث اسکول مزید ایک ہفتے تک بند رہیں گے، کالجز اور یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز ہوں گی، ریسٹورینٹس کو شام 4 بجے تک کا وقت دیا ہے تاہم ریسٹورنٹس سے کھانا لے جانے کی اجازت رات 8 بجے تک ہوگی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔