گردوں کے مرض میں مبتلا نوجوان گلوکار اسد عباس انتقال کرگئے
اسلام آباد: گردوں کے مرض میں مبتلا نوجوان گلوکار اسد عباس انتقال کرگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق معروف گلوکار اسد عباس کافی عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان کا علاج جاری تھا، وہ کئی روز سے اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں طبیعت بگڑنے کے سبب وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ان کے اہل خانہ نے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
قبل ازیں اداکار عدنان صدیقی نے ان کے علاج کے لیے اپیل بھی کی تھی جب کہ گلوکار اسد عباس کی ایک ویڈیو پوسٹ بھی وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے اپنی بیماری کے بارے میں مکمل طور پر بتایا تھا۔
نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے گلوکار اسد عباس کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اسد عباس کے انتقال پر دلی صدمہ ہوا، اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے بھی گلوکار اسد عباس کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے بہت کم عمری میں شہرت حاصل کی، مرحوم کے علاج کے لیے حکومت جو کرسکی وہ کیا، حکومت پنجاب مرحوم کے اہل خانہ کے دکھ اور غم کی اس گھڑی میں ساتھ ہے۔