کورونا کی دوسری لہر، سندھ حکومت کا شہریوں کو انتباہ

کراچی: سندھ حکومت کا شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ شہریوں میں ایک تاثر اُبھرا ہے کورونا وائرس پاکستان سے ختم ہوگیا ہے، یہ تاثر غلط ہے، کورونا وائرس ابھی بھی پاکستان بھر میں موجود ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس کی صورت حال سے متعلق ایک اہم ویڈیو بیان جاری کیا گیا ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر رواں برس مارچ میں سندھ حکومت نے اہم فیصلے کیے، فیصلوں پر عمل درآمد میں شہریوں نے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا، تمام افرد کے تعاون کی وجہ سے سندھ میں کورونا کیسز کی شرح ایک فیصد تک محدود رہی۔
انہوں نے کہا کہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ کورونا وائرس کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ روز سندھ میں کورونا کیسز کی شرح بڑھ کر ساڑھے چھ فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے مزید کہا کہ خدارا ہمیں احتیاط برتنے کی سخت ضرورت ہے، گھروں سے نکلتے وقت ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور سماجی فاصلہ ضرور برقرار رکھیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔