سندھ حکومت کا 31 مارچ تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ
کراچی: سندھ حکومت نے 31 مارچ تک اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مشرق وسطیٰ میں جنگی صورت حال کے بعد ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے اب پنجاب کے بعد سندھ میں بھی تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے 16 مارچ سے 31 مارچ تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اسکولز بند ہونے کے باوجود امتحانات وقت پر ہوں گے جب کہ کالج اور یونیورسٹیوں میں آن لائن کلاسز ہوں گی۔
دوسری جانب ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کابینہ نے اسکولوں کے لیے ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کی منظوری دیتے ہوئے اسٹوڈنٹ اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ریڈریس سسٹم پالیسی منظور کرلی۔
ترجمان کے مطابق موبائل ایپ اور ڈیجیٹل ڈیش بورڈ سے طلباء کی حاضری اور داخلوں کا ریکارڈ رکھا جائے گا، نیا نظام طلبہ کی غیر حاضری کم اور ڈراپ آؤٹ ریٹ کم کرنے میں مدد دے گا۔
ترجمان کے مطابق کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم ایک سال میں سندھ کے تمام اسکولوں میں نافذ کیا جائے گا۔