سندھ کا 1714 ارب روپے کا بجٹ پیش، تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ
کراچی: وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے شور شرابے میں سندھ کا 17 سو 14 ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا، تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ۔
تفصیلات کے مطابق بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 15 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس کا اعلان کیا گیا ہے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 332 ارب روپے رکھے گئے ہیں، پولیس کانسٹیبلز کا گریڈ 5 سے بڑھاکر 7 کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ نے بجٹ تقریر میں کہا کہ مسلسل دوسرے سال ہم کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا رہے، تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کے باوجود وفاق یا کسی صوبے میں تنخواہ اور پینشن زیادہ ہوئی تو ان کے برابر لائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ بجٹ تقریر کے دوران حزب اختلاف کی جماعتوں کو جواب بھی دیتے رہے اور کہا کہ جو سندھ کا درد رکھتے ہیں وہ سنیں گے، جن کی چیخیں نکالی ہیں، وہ چیختے رہیں گے، تحریک انصاف کی حکومت گئی اور اب کبھی نہیں آئے گی، جو تھوڑے بہت لوگ بچے ہیں وہ بھی ہمارے ساتھ بیٹھے ہوں گے۔