بھارتی یوم آزادی پر واشنگٹن میں سکھوں کا احتجاج، بھارت مخالف نعرے

واشنگٹن: بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر سکھ برادری نے امریکا کے دارالحکومت میں زبردست احتجاج کیا جس میں انہوں نے بھارتی سفارت خانے کو گھیرلیا۔
مظاہرین کے ہاتھوں میں خالصتان کے پرچم تھے اور وہ بھارت مخالف نعرے بلند کرتے رہے۔ انہوں نے بھارت مردہ باد اور قاتل مودی کے نعرے لگائے جب کہ بھارتی ترنگے کو پھاڑ کر اس کے ٹکڑے سفارت خانے کے سامنے پھینک دیے۔
اس صورت حال نے بھارتی سفارتی عملے کو خوف زدہ کردیا، جس پر پولیس کو فوری طلب کیا گیا۔ پولیس اہلکار کئی گھنٹوں تک موقع پر موجود رہے، تاکہ حالات قابو میں رکھے جاسکیں۔
اس موقع پر خالصتان کونسل کے سربراہ ڈاکٹر سندھو نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ہی دن واشنگٹن میں خالصتان ریفرنڈم منعقد ہوگا، جس میں ہزاروں سکھ شرکت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ وقت زیادہ دُور نہیں جب بھارتی پنجاب کو آزاد کراکے خالصتان قائم کیا جائے گا۔
بھارتی یومِ آزادی کی تقریب سفارتی فضا کو پُرامن رکھنے کے بجائے ایک بڑے احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوگئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔