سائبیریا میں کوئلے کی کان میں دھماکا، 52 افراد ہلاک

ماسکو: سائبیریا میں کوئلے کی کان دھماکے کے بعد دب گئی، جس کے نتیجے میں 46 کان کن اور 6 ریسکیو اہلکار ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی سائبیریا میں کوئلے کی کان میں زوردار دھماکا ہوا ہے، جس سے کوئلے کی کان بیٹھ گئی اور 90 کے قریب کان کن ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے کان میں 38 کان کنوں کو بحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کیا، جہاں 6 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ریسکیو ٹیم کے سربراہ نے بتایا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران 6 امدادی کارکن بھی زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ 11 اہلکاروں کو حالت غیر ہونے کے باعث اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 100 سے زائد افراد کو ایمرجنسی وارڈ میں لایا گیا، جن میں 52 افراد اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکے تھے جب کہ 49 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں 46 کان کن اور 6 ریسکیو اہلکار جب کہ زخمیوں میں 38 کان کن اور 11 ریسکیو اہلکار شامل ہیں، تاحال دھماکے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جاسکا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔