طالبہ کیساتھ انسانیت سوز سلوک پر شوبز شخصیات چراغ پا!

کراچی: پاکستانی فلموں اور ڈراموں سے وابستہ ہستیوں نے فیصل آباد میں میڈیکل کی طالبہ کے ساتھ پیش آنے والے افسوس ناک واقعے پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر اداکاراحمد علی بٹ، فیضان شیخ سمیت کئی شوبز شخصیات نے فیصل آباد واقعے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی۔
اداکار و میزبان احمد علی بٹ نے انسٹا اسٹوری پر لکھا کہ ’’شدید افسوس کا مقام ہے، اللہ غرق کرے، ہر چند دن بعد ایسے واقعات دیکھنے میں آرہے ہیں، پہلے نور مقدم کیس اور اب یہ‘‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ جس طرح نور مقدم کیس میں خاموشی اختیار کی اور اس کے ملزم آزاد گھوم رہے ہیں، اسی طرح اس کیس میں بھی ایسا ہی ہوگا، یہ ہمارے ملک کی بدصورت حقیقت ہے کہ امیروں کے لیے کوئی قانون نہیں ہے۔
سینئر اداکارہ مشی خان نے شیخ دانش کی ضمانت پر رہائی کی خبر انسٹا اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایسے افراد دوزخ میں جلیں، یہ انصاف ہے کہ ملزمان آزاد گھوم رہے اور مثال قائم کررہے ہیں کہ کچھ بھی کرلو اور پچاس ہزار ضمانت دے کر چُھوٹ جاؤ۔
اداکار فیضان شیخ نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ شکر ہے کہ بے حسی اولمپکس کا حصّہ نہیں ہوتی ورنہ سارے طلائی تمغے ہمارے پاس ہوتے۔
دنانیر مبین کا کہنا ہے کہ نام لیں اور شرمندہ کریں، اسے جانور بھی نہیں کہنا چاہتی، شیخ دانش کے ساتھ اس کی بیٹی بھی برابر کی مجرم ہے۔
دنانیر نے مزید کہا کہ متاثرہ لڑکی کی ویڈیو شیئر کرنے سے بہتر ہے کہ شیخ دانش کی تصاویر شیئر کریں۔
اداکار احسن خان نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ لڑکی کی ویڈیو شیئر کرنے کے بجائے ملزمان کا نام لے کر شرمندہ کریں اور اس کی بیٹی جو مذکورہ ویڈیو ریکارڈ کررہی ہے اس کا بھی نام لیا جائے۔
انہوں نے ملزمان کی رہائی کی خبر پر یہ حالات ہیں کہہ کر اپنے افسوس کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس نے تہلکہ مچادیا اور پاکستان میں خواتین کے تحفظ پر کئی سوالات کھڑے کردیے۔
فیصل آباد میں سہیلی کے باپ سے شادی سے انکار پر لڑکی کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کیا گیا۔ لڑکی پر بہیمانہ تشدد کرکے ویڈیو ریکارڈ کی گئی۔ اس کے بال اور بھنویں کاٹنے کے بعد جوتے چاٹنے پر بھی مجبور کیا گیا۔
پولیس نے واقعے کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم شیخ دانش سمیت 6 افراد کو گرفتار کیا جنہیں بعدازاں 50 ہزار کے عوض ضمانت پر رِہا کردیا گیا جوکہ پاکستان کے انصاف کے نظام پر ایک سوالیہ نشان ہے۔
تاہم خدیجہ نامی میڈیکل کی طالبہ تاحال انصاف کی منتظر ہے اور شوبز شخصیات سمیت پاکستان کے عوام بھی مزمان کو سخت سے سخت دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔