خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات، شبلی فراز نے شکست تسلیم کرلی

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ بہت سے کارکن ہمارے ناراض تھے اس لیے ہم بلدیاتی انتخابات میں ہار گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے خیبرپختون خوا کے بلدیاتی انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا کہ الیکشن میں پی ٹی آئی کا مقابلہ پی ٹی آئی سے تھا، ہمارے بہت سے کارکنان پارٹی قیادت سے ناراض تھے اس لیے ہم ہار گئے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ تمام صورت حال کے باوجود بھی تحریک انصاف سیٹیں نکال رہی ہے اور ابھی بہت سے پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آنا باقی ہے، ہماری ہار کی ایک وجہ مہنگائی بھی ہے، لیکن یہ ایک عالمی مسئلہ ہے، تاہم پارٹی میں کہاں کمزوری ہوئی ہم اس کا جائزہ لیں گے، تنظیمی سطح پر کہاں کہاں کمزوریاں ہیں وہ بھی دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نے بلدیاتی انتخابات میں صرف چند نشستوں پر کامیابی حاصل کی، لیکن یہ پہلا مرحلہ تھا، ہمیں آگے کے لیے بہت سی تیاری کرنی ہے۔
خود پر حملے کے حوالے سے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کل مجھ پر بھی حملہ ہوا اللہ نے محفوظ رکھا، کل کے انتخابات کے دوران کچھ اور بھی افسوس ناک واقعات ہوئے جو نہیں ہونے چاہیے تھے۔ شوکت ترین کی سینیٹ میں کامیابی صوبے کے لیے بہتر ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔