جب سے صدف ملی ہے، نکھر گیا ہوں: شہروز سبزواری

کراچی: کہتے ہیں، ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے، اس بات کو کافی حد تک درست بھی ٹھہرایا جاتا ہے۔ اب اداکار شہروز سبزواری نے خود کو پُرکشش بنانے کا تمام تر کریڈٹ اہلیہ صدف کنول کی جھولی میں ڈال دیا ہے۔
اداکار شہروز سبزواری نے گزشتہ دنوں پوڈکاسٹ شو میں آن لائن شرکت کی، جہاں انہوں نے حال ہی میں نشر ہونے والے اپنے ڈراموں اور شوبز مصروفیات سمیت اپنی فٹنس اور خوبصورتی پر کھل کر باتیں کیں۔
شہروز سبزواری نے اپنی فٹنس کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے اب میٹھا کھانا بالکل بند کردیا ہے، جس سے ان کی فٹنس بہتر ہوئی ہے۔
شہروز کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے ہی زیادہ میٹھے کھانے کے شوقین تھے مگر اب کچھ عرصے سے انہوں نے میٹھا کھانا صرف ہفتے میں ایک دن تک محدود کردیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی گوری رنگت اور پرکشش شخصیت کے پیچھے ان کی اہلیہ صدف کنول کا ہاتھ ہے۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جب سے انہیں صدف ملی ہے، تب سے وہ نکھر گئے ہیں اور ان کی رنگت گوری ہونے سمیت ان کی شخصیت پرکشش ہوگئی ہے اور ان تمام باتوں کا کریڈٹ ان کی اہلیہ کو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ڈراموں کی ڈریسنگ اور ڈائیلاگ ڈیلیوری سے لے کر سوشل میڈیا پوسٹس تک کے تمام معاملات صدف کنول ہی دیکھتی ہیں، وہ ہی انہیں ہدایات دیتیں اور سمجھاتی ہیں، جس وجہ سے ان میں بہتری آئی ہے۔
اداکار شہروز کی جانب سے خود کو پرکشش قرار دیے جانے اور اپنی خوبصورتی کا کریڈٹ اہلیہ صدف کنول کو دیے جانے پر شائقین نے ان کے بیان پر دلچسپ تبصرے بھی کیے اور لکھا کہ کس نے کہا کہ وہ پرکشش اور خوبصورت ہیں؟
بعض لوگوں نے ان کے بیان پر کہا کہ کوئی انہیں بتائے کہ وہ پرکشش نہیں ہیں؟
خیال رہے کہ شہروز سبزواری اور صدف کنول نے مئی 2020 میں شادی کی تھی، اس سے قبل اداکار کی پہلی شادی سائرہ یوسف سے تھی، سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے 2012 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2015 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی، جس کے بعد مارچ 2020 میں ان کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔
اب خبریں ہیں کہ شہروز سبزواری کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے اور ان کی اہلیہ صدف کنول امید سے ہیں، جس کی تصدیق شہروز کے والد بہروز سبزواری نے بھی کی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔