معروف فکشن نگار اور براڈ کاسٹر، شمع خالد انتقال کر گئیں
راول پنڈی: اردو کی معروف فکشن نگار، براڈ کاسٹر اور مدرس، محترمہ شمع خالد جہان فانی سے کوچ کر گئیں۔ ان کا انتقال راول پنڈی میں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق انھیں آج صبح دل کا دورہ پڑا تھا، جو مہلک ثابت ہوا۔ آئرن لیڈی کے نام سے معروف شمع خالد نے نوجوانی ہی میں اپنے تخلیقی سفر کا آغاز کر دیا تھا۔ انھوں نے دو سو سے زاید افسانے لکھے، جنھیں احمد ندیم قاسمی اور ممتاز مفتی جیسے قد آور ادیبوں نے سراہا۔
انھوں نے سماج میں ممنوعہ سمجھے جانے والے موضوعات پر اظہار خیال کیا اور ایک مرد مرکز معاشرے میں اپنی جگہ بنائی۔
انھوں نے تین مضامین میں ایم اے کیا، ساتھ ایل ایل بی کی سند بھی حاصل کی۔ انسانی فطرت کے بیان پر انھیں ملکہ حاصل تھا۔ اسی وجہ سے انھیں بڑی تعداد میں قارئین میسر آئے۔ انھوں نے سفر ناموں سمیت 8 کتابیں لکھیں، ناقدین کے مطابق ان کے پاس عام موضوعات کو کہانی کا روپ دینے کا فن تھا۔
وہ ریڈیو سے وابستہ رہیں اور بہ طور ڈپٹی کنٹرولر ریٹائرڈ ہوئیں۔ تدریس کی بھی ذمے داریاں نبھائیں، ان کے طلبا ملک بھر میں پھیلے ہیں۔ ان کی اولاد نے اعلی تعلیم حاصل کی اور اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔