تحاریک سے حکومتیں نہیں جاتیں، استعفوں سے کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: شیخ رشید

راولپنڈی: شیخ رشید نے کہا ہے کہ امید ہے پی ڈی ایم لانگ مارچ اور عدم اعتماد سے آگے نہیں جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے غصے میں کمی آچکی ہے، تحاریک سے حکومتیں نہیں جاتیں، ہم نے 126 روز دھرنا دیا، لیکن حکومت نہیں گئی، امید ہے پی ڈی ایم لانگ مارچ اور عدم اعتماد سے آگے نہیں جائے گی، جو بول رہے ہیں استعفے دیں گے، وہ اپنے فیصلے پر غور کریں، استعفوں سے کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، حکومت کے 3 سال ہوگئے ایک سال رہ گیا چوتھے سال انتخابی سرگرمیاں شروع ہوجاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات مارچ میں ہوں گے جن سے جمہوریت مزید مضبوط ہوگی، فضل الرحمان اگر سینیٹ انتخابات میں خود حصہ لیں گے تو ان کے غصے میں کمی ہوجائے گی، اوپن ووٹ پر پی پی اور مسلم لیگ دونوں نے میثاق جمہوریت میں دستخط کیے اب مُکر گئے، یہی وہ سینیٹ ہے جس میں 64 ووٹ تھے تھوڑی دیر میں کم ہوگئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے سینیٹ انتخابات میں خریدوفروخت نہ ہو اور ہر رکن میں جرأت ہو وہ سینہ تان کرووٹ دے سکے، سینیٹ انتخابات میں اوپن ووٹنگ میں اپوزیشن کو حصہ لینا چاہیے، اپوزیشن سے توقع رکھتا ہوں عقل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے، جس نے الیکشن لڑنا ہوتا ہے وہ مارکیٹ میں ہوتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سیاست بند گلی میں داخل ہونے کا نام نہیں، سیاست میں مذاکرات ہی بہترین آپشن ہوتا ہے، ہم اپوزیشن کو کوئی ٹف ٹائم نہیں دے رہے، جو وہ کریں گے وہی ہم کریں گے، پیپلز پارٹی سے میرا کوئی رابطہ نہیں، پی ڈی ایم آج یہ جو بھی فیصلہ کریں گے، کل لال حویلی کے باہر جواب دوں گا۔
انہوں نے کہا بھارت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، مودی کشمیر کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے، ہم نے کشمیر کو آزاد کرانا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔