100 ملین ڈالرز کی مزید جائیدادیں سامنے آرہی ہیں، شیخ رشید
لاہور: شیخ رشید نے کہا ہے کہ براڈشیٹ سے ابھی بہت سی چیزیں نکلنی ہیں، 100 ملین ڈالرز کی مزید جائیدادیں سامنے آرہی ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو الیکشن کمیشن کے باہر فری ہینڈ دیا گیا اور اب بھی انہیں پُرامن جلوس کی اجازت ہوگی، مولانا فضل الرحمان نے کشمیر، اسرائیل کے نام پر قوم کا وقت ضائع کیا، وہ خود اپوزیشن کے پیچھے لگ کر خراب ہوں گے، بلاول زرداری بالغ اور سمجھ دار ہوگئے ہیں، انہوں نے کہا کہ جلسوں سے کچھ نہیں نکلا، عدم اعتماد ان کا حق ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بہت اچھی بات ہے کہ اپوزیشن نے استعفے ملتوی کردیے اور ضمنی اور سینیٹ انتخابات میں حصہ لے رہی ہے، عمران خان کی سینیٹ الیکشن کے بعد ایک سیٹ اور بڑھے گی، کوئی اتحادی پیچھے نہیں ہٹ رہا، پنجاب میں بھی ہماری سیٹیں کم ہونے کے بجائے بڑھیں گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن بتادے کہ انہیں براڈشیٹ پر کون قبول ہے؟ براڈشیٹ سے ابھی بہت سی چیزیں نکلنی ہیں، 100ملین ڈالرز کی مزیدجائیدادیں سامنے آرہی ہیں، ساری پارٹیاں فارن فنڈنگ میں آگئی ہیں، جس نے جرم کیا اس کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہوگا اسے پھکی ملنی چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہر پلیٹ فارم پر کشمیر کا مسئلہ اٹھایا ہے، حکومت کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی ایجنڈا نہیں۔