فلاحی کام کرنے والا ہمیشہ وزیراعظم رہتا ہے، شاہد آفریدی

راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ میں وزیراعظم بننے کا امیدوار نہیں تاہم فلاحی کام کرنے والا ہمیشہ وزیراعظم رہتا ہے۔
گزشتہ روز نجی ہوٹل میں کشمیر پریمیئر لیگ اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے مابین ہونے والے مفاہمتی یادداشت معاہدے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ سب پاکستانیوں کو کشمیر لیگ کو سپورٹ کرنا چاہیے، یہ ایک زبردست ایونٹ ہے اور کشمیر لیگ کی نمائندگی میرے لیے اعزاز کی بات ہے، میں اس لیگ کا برانڈ ایمبیسڈر ہوں، کشمیر کے اندر میچز ہوں گے تو کشمیر کو فائدہ ہوگا۔
شاہد آفریدی نے کشمیر میں کرکٹ اکیڈمی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے بچوں کو کرکٹ کی طرف لاوٴں گا، نئے اور اچھے ٹیلنٹ کو فاؤنڈیشن سپورٹ کرے گی، اسپورٹس کے علاوہ صحت کے حوالے سے بھی کشمیر میں کام کروں گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب میں کرونا وائرس کے دنوں میں کام کررہا تھا تو لوگ کہہ رہے تھے کہ یہ وزیراعظم بننا چاہتا ہے، مستحق لوگوں کو ان کا حق دلانا سیاست سے بڑا کام ہے، میں مستحق لوگوں کے لیے کام کرتا رہوں گا اور ہمیشہ وزیراعظم رہوں گا، میں وزیراعظم نہیں بننا چاہتا، صرف انسانیت کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں، وزیراعظم تین چار سال کے لیے ہوتا ہے، میں جو کام کررہا ہوں اس کی وجہ سے جب تک زندگی میں اپنی ذات میں خود وزیراعظم رہوں گا،
شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر میں ظلم کی انتہا کردی ہے، دنیا میں کہیں بھی ناانصافی ہورہی ہو تو وہاں ہمیں آواز اٹھانی چاہیے، مجھے کوئی فکر نہیں کہ پڑوسی ملک میں کام ملے گا یا نہیں، ایسا وقت ضرور آئے گا جب کشمیریوں کو آزادی ملے گی، حکمرانوں پر ذمے داری ہے کشمیریوں کے حق کے لیے دوبارہ آواز اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے کام کرنا چاہیے، پی سی بی کا کام کھلاڑیوں کے ساتھ خود کو بھی گروم کرنے کی ضرورت ہے، ماضی میں میرے، شعیب اختر اور عبدالرزاق کے ساتھ بھی محمد عامر جیسا معاملہ ہوا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔