سابق کپتان شاہد آفریدی کشمیر پریمیئر لیگ کے برانڈ ایمبیسڈر مقرر
کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کشمیر پریمیئر لیگ کے دوسرے سیزن کے برانڈ ایمبیسڈر مقرر کردیے گئے۔
اس حوالے سے شاہد آفریدی اور کے پی ایل انتظامیہ نے معاہدے پر دستخط کردیے۔
معاہدے تقریب کے موقع پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کشمیر پریمیئر لیگ ہمارے لیے بہت ضروری ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے کچھ کرکٹرز کو کے پی ایل کھیلنے کی اجازت دے۔
سابق کپتان نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے اسٹارز کو اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں، کشمیر میں جو ظلم ہورہا اس کو ختم ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ کے پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں شاہد آفریدی نے بہ حیثیت کھلاڑی شرکت کی تھی اور وہ پہلا سیزن جیتنے والی ٹیم کے کپتان تھے۔