شہباز و اہل خانہ کے اکاؤنٹس میں پاپڑ فروش کی جانب سے کروڑوں روپے کی منتقلی

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کی فیملی کو پاپڑ فروش کی جانب سے کروڑوں روپے اکاؤنٹس میں منتقل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کی فیملی کو پاپڑ فروش بھی کروڑوں روپے اکاؤنٹس میں منتقل کرتا رہا۔ نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں سے ریکارڈ حاصل کرنے کے دوران اس بات کا انکشاف کیا۔
نیب دستاویزات کے مطابق جو رپورٹ تحقیقاتی ٹیم نے بینکوں سمیت دیگر مالیاتی اداروں سے دوران تحقیقات حاصل کی، ان کے مطابق منظور پاپڑ فروش کے نام سے 1 کروڑ 60 لاکھ 86 ہزار 435 امریکن ڈالرز منتقل ہوئے، 12 ٹرانزیکشن پر مشتمل ڈالرز پاکستانی روپوں میں 8 کروڑ 8 لاکھ 26 ہزار 141 روپے بنتے ہیں، منظور پاپڑ فروش کے نام سے 12 ٹرانزیکشن 2007 اور 2008 میں ہوئیں۔
نیب دستاویزات کے مطابق ٹرانزیکشن سلمان شہباز، حمزہ شہباز اور رابعہ عمران کے اکاونٹس میں ہوئیں، سلمان شہباز کو 9 لاکھ 7 ہزار 15 ڈالرز جو پاکستانی 6 کروڑ 29 لاکھ 75 ہزار 524 بنتے ہیں، حمزہ شہباز کو 1 لاکھ 67 ہزار 980 ڈالر جو پاکستانی 1 کروڑ 1 لاکھ 24 ہزار 155 روپے بنتے ہیں جب کہ رابعہ عمران کے اکاؤنٹ میں 2 لاکھ 40 ہزار 920 ڈالرز منتقل ہوئے، جن کی مالیت 1 کروڑ 70 لاکھ 83 ہزار 696 روپے بنتی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔